لاہور: پنجاب بھر میں تمام گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اینٹی اسموگ پلان کے تحت سرکاری اور نجی تمام گاڑیوں کی پڑتال کا فیصلہ کیا ہے، اب گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ اتھارٹی سے تصدیق نامہ حاصل کرنا ہوگا۔
اس سلسلے میں صوبائی وزارتوں کے سیکریٹریز اور پنجاب بھر کے کمشنرز کو ایک حکم نامہ بھجوا دیا گیا ہے، جس میں تمام وزارتوں اور محکموں کو 30 جنوری تک گاڑیوں کا معائنہ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزارتوں اور ذیلی محکموں کے زیر استعمال گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کیے جائیں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے اسموگ کی صورت حال پر قابو پانے کے لیے خراب انجن اور زیادہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ جمعہ اور اتوار کو ٹرکوں، بسوں اور بھاری گاڑیوں کے لاہور میں داخلے پر پابندی بھی عائد کر دی گئی۔ گزشتہ روز خراب انجن اور زیادہ دھواں دینے والی ایک ہزار سے زائد گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، اور 144 گاڑیاں بند کر دی گئیں۔
خراب انجن اور زیادہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ
پنجاب کی سینیر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ٹھوس پالیسی سے صوبے کا ماحولیاتی مستقبل بہتر ہوگا، آج کے اقدامات اسموگ کے خاتمے کی بنیاد بنیں گے، ان کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی کے خلاف جنگ شہریوں کی زندگی کے تحفظ کی جنگ ہے۔