لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں گٹکا مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران گٹکے کے تینتالیس وئیرہاؤس سیل کرکے انتیس ہزار کلو گٹکا قبضے میں لےلیا گیا۔ سندھ کے بعد اب پنجاب میں بھی گٹکا مافیا نے اپنے قدم جمالیے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبے میں گٹکے کی فروخت پرایکشن لے لیا، لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گٹکا مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیاہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کے حکم پر گٹکا مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے، پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان میں مختلف کارروائیوں کے دوران گٹکے کے تینتالیس وئیر ہاؤس سیل کردیئے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اب تک انیتس ہزار کلو گرام گٹکا قبضے میں لیا جا چکا ہے، قوانین کے مطابق گٹکے کی فروخت غیر قانونی ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گٹکا منہ کے کینسر کی بڑی وجہ ہے،اس کیخلاف مؤثر کارروائی کرکے اس کی فروخت مکمل طور پر بند کروا رہے ہیں۔