لاہور: کروناوائرس کے پیش نظر سندھ کے بعد پنجاب حکومت نے بھی صوبے میں 14 دن کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے دو ہفتوں کے لیے صوبے میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی اجلاس کے بعد لاک ڈاؤن کا اعلان سامنے آیا۔
پنجاب میں لاک ڈاؤن کے دوران دواؤں اور اشیائے خورونوش کی دکانیں کھلی رہیں گی جبکہ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ لاک ڈاؤن کا اطلاق کل سے ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کروناوائرس کے مریضوں کی تعداد 242 ہے، لاہور میں 52 راولپنڈی اور جہلم میں 3،3 مریض ہیں۔ ملتان میں 2 اور سرگودھا میں بھی ایک مریض ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے6 افراد جاں بحق
ان کا کہنا ہے کہ سول انتظامیہ اور پاک فوج عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف، بلدیاتی اور میڈیا نمائندوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ کل صبح 9بجے سے 6 اپریل تک بازار، شاپنگ مالز اور عوامی مقامات بند رہیں گے، پنجاب میں عوام کے مفاد میں ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ڈبل سواری پر پابندی سے فیملیز کو استثنیٰ حاصل ہوگا، فوج اور سول ادارے پابندیوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے، عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہیں، کل کابینہ میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے لیے پالیسی بیان دیں گے، روزانہ کی بنیاد پر صورت حال دیکھ کر فیصلے اور عمل درآمد کرائیں گے۔