تازہ ترین

وزیراعلیٰ پنجاب کا نارتھ ریزرو فاریسٹ کو سالٹ رینج نیشنل پارک بنانے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب حکومت نے نارتھ ریزرو فاریسٹ کو سالٹ رینج نیشنل پارک بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا 31واں اجلاس ہوا جس میں نارتھ ریزرو فاریسٹ کو سالٹ رینج نیشنل پارک بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے 13700ایکڑ اراضی پر سالٹ رینج نیشنل پارک کے قیام کے نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی، نیشنل پارک میں درخت کاٹنے اور شکار پر پابندی ہوگی، پارک کی اراضی کسی دوسرے مقصد کے لیے استعمال نہیں ہوسکے گی۔

صوبائی کابینہ نے نیشنل پارک کی مینجمنٹ کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نیشنل پارک کے امور کی نگرانی کرے گی۔اجلاس میں کابینہ نے صوبائی محتسب کے عہدے کے لیے اعظم سلیمان کے تقرر کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں فلور ملز کوگندم ریلیز کرنے کے لیے عبوری پالیسی سے متعلق کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔پنجاب کابینہ نے دی کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 1925 میں ترمیم کی منظوری دے دی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا پنجاب حکومت نے 10 سال کے بعد پہلی بار ریکارڈ گندم خریدی، صوبائی حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔

Comments