لاہور : پنجاب حکومت کی جانب سے قطری شہزادوں کو ایک بار پھر قیمتی تحائف بھجوائے گئے ہیں، خصوصی طیارے میں قیمتی جانوراور نایاب پرندے روانہ کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے قطری شہزادوں کے لئے تحفوں کا جہاز بھر کر بھیج دیا، قطری شہزادوں کے لیے بیش قیمت تحفے لے کرخصوصی پرواز قطر روانہ ہوئی۔
ذرائع کے مطابق خصوصی پرواز آئی ایل 78 یکم اپریل کو لاہور سے قطر روانہ ہوئی تھی جس میں قیمتی جانور اور نایاب پرندے قطری شہزادوں کو تحفتاً بھجوائے گئے ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے اعلیٰ نسل کے گھوڑے، گائے بھینس اور دیگر قیمتی اور نایاب جانور اور پرندے دیوان امیری بھیجے گئے۔
مزید پڑھیں : قطری شہزادے تلور کا شکارکرنے کے بعد وطن لوٹ گئے
ذرائع کا کہنا ہے کہ مویشی اور نایاب پرندے بھجوانے کیلئے سفارتی کلیئرنس بھی لی گئی تھی، اے آر وائی نیوز کے نمائندے واصف محمود نے بتایا کہ اس سے قبل بھی قطری شہزادوں کے لئے اس طرح کے تحائف بھجوائے جا چکے ہیں۔