لاہور: سندھ اور مری گورنر ہاؤس کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنر ہاؤس پنجاب بھی کل پہلی بار عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس پنجاب بھی عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا، کل عوام پہلی بار پنجاب گورنر ہاؤس کی اندر سے سیر کریں گے۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور کے اعلان کے مطابق اتوار کو گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھلا رہے گا، صبح 10 سے شام 5 بجے تک فیملیز گورنر ہاؤس کی سیر کر سکیں گی۔
گورنر ہاؤس پنجاب میں چڑیا گھر، جھیل سمیت دیگر مقامات کی سیر کی جا سکے گی، لوگوں کے استقبال کے لیے صوبائی وزرا اور اراکینِ اسمبلی گورنر ہاؤس میں موجود ہوں گے۔
گورنر ہاؤس سے جاری ہدایات کے مطابق آنے والی فیملیز الحمرا کی طرف موجود گیٹ سے اندر داخل ہو سکیں گی، گھرانوں کے سر براہ کے پاس شناختی کارڈ ہونا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: مری: گورنرہاؤس سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا
یاد رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق سب سے پہلے سندھ کے گورنر عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس سندھ عوام کے لیے کھولا تھا، جس کے بعد مری کا گورنر ہاؤس بھی کھولا گیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پارٹی وزرا کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر ہاؤسز بھی عوام کے لیے کھولے جائیں۔