گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں ن لیگ سے اتحاد میں ہمیشہ نقصان ہوا ہے۔
گورنر پنجاب و پیپلز پارٹی کے رہنما سردار سلیم حیدر خان نے اے آر وائی نیوز کے باخبر سویرا کے پروگرام میں گفتگو میں کہا ٹائمنگ کی بات نہیں، موجودہ حکومت کو پوری طرح سپورٹ کررہے ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں اس نظام کو چلانا ہے اور پی ٹی آئی سے متعلق جو معاملات ہیں اس میں بھی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، پیپلز پارٹی سمجھتی ہے سسٹم کو چلانا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ہمارے ساتھ کئے گئے معاہدوں کی پاسداری نہیں ہوگی تو چپ نہیں رہ سکتے، آخری حد تک کوشش ہے کہ معاملات بہتری کی طرف جائیں، کوئی شک نہیں کہ ن لیگ سے الائنس میں ہمیشہ پی پی کو نقصان ہوا ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ دو مختلف پارٹیز ہیں، دونوں کے نظریات مختلف ہیں، ہمارے ورکرز کے دلوں میں ہے کہ ہمارے لیڈرز کے ساتھ ناانصافیاں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی ن لیگ کے ساتھ بیٹھے ہیں مجبوری میں بیٹھے ہیں اور اس بار بھی مجبوری میں ن لیگ کے ساتھ بیٹھنا پڑا ہے، ملک کی خاطر پیپلزپارٹی کو ہمیشہ کڑوا گھونٹ پینا پڑا ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ جائز چیزوں پر مسلسل عمل نہیں کرینگے تو پھر کتنا برداشت کیا جاسکتا ہے، پچھلی حکومت میں ن لیگ سے پی پی کا پہلا الائنس ہمارے لئے بھیانک خواب تھا، ن لیگ نے گزشتہ اتحاد میں پیپلزپارٹی کو نظر انداز کیا۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کمیٹی بنتی ہے، میٹنگ ہوتی تو بہت اچھا ہوتا ہے لیکن ہوتا کچھ نہیں ہے، اس دفعہ بھی کمیٹیاں بنی ہیں دیکھیں نتیجہ کیا نکلتا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کو تعاون کا یقین دلایا مگر یکطرفہ رابطےکا کوئی فائدہ نہیں، جہاں چیزیں ٹھیک نہیں وہاں بولوں گا۔