لاہور: پنجاب میں کورونا کیسز میں تشویشناک حد تک اضافے کے پیش نظر شادی ہال بند کرنے پر غور کیا جارہا ہے جبکہ پیر سے میلے کے کھیل بھی بند کرنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور احتیاطی اقدامات کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب نے آج کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں این سی اوسی کے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور 15مارچ سےتعلیمی اداروں کی چھٹیوں سمیت دیگرامورپرتبادلہ ہوگا جبکہ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے مزید ضروری اقدامات اٹھانے پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق صوبے میں کوروناکےباعث شادی ہال بند کرنے پرغور کیا جارہا ہے جبکہ پارکوں میں لگے میلے اور ٹھیلےبھی پیرسے ختم کرنے سے متعلق فیصلے متوقع ہیں۔
اجلاس میں وزیرصحت یاسمین راشد سمیت دیگرصوبائی وزرا اوراعلی افسر شرکت کریں گے جبکہ اعلیٰ عسکری حکام اور ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔
وزیراعلی عثمان بزدار کاکہناتھا کورونا کے ایکٹو کیسوں کی تعداد 8،693 تک پہنچ چکی ہے، صوبے میں اب تک 5،697 کورونا کے مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں کورونا کے 36 مریضوں کا انتقال ہوا جبکہ اب تک صوبے میں 34لاکھ اسی ہزار753 کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں، کورونا کی موجودہ لہر کو روکنے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا۔