لاہور : پنجاب حکومت نے چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لیےاقدامات کا فیصلہ کرلیا اور کہا ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا ، جس میں صوبے میں چینی کے اسٹاک اور طلب کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور سمیت پنجاب میں چینی کا وافر اسٹاک موجود ہے ، لاہور میں 200بڑے سٹوروں اور 1600 دکانوں پر چینی 90روپے میں مل رہی ہے۔
اجلاس میں چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لیےاقدامات کا فیصلہ کیا گیا ، عثمان بزدار نے کہا چینی کی مقرر ہ نرخوں پرفروخت یقینی بنانےپرہرممکن اقدام کیاجائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی ، مافیا کے ہاتھوں عام آدمی کا استحصال نہیں ہونے دیں گے اور کسی کو چینی کی ذخیرہ اندوزی نہیں کرنے دیں گے۔
عثمان بزدار نے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کو ہدایات دیں کہ کرشنگ سیزن کے جلد آغاز کے لیےفی الفور اقدامات کیےجائیں اور عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر چینی کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے حقوق کا تحفظ سب سے زیادہ عزیز ہے، ہر فیصلہ عوام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مارکیٹ میں استحکام کے لیےچھوٹی دکانوں پر چینی کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور صورتحال کا روزجائزہ او ر عوام کےمفاد میں ہر ممکن اقدامات کیےجائیں۔
عثمان بزدارنے عدالتی احکامات کے حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایات دیں۔