لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں عائد کیے جانے والے لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ داخلہ پنجاب کی جانب سے لاک ڈاؤن میں توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ صوبے بھر میں نافذ ہونے والے لاک ڈاؤن میں پندرہ روز کی توسیع کردی گئی۔
نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا، 15جولائی تک نافذ العمل رہے گا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں 15 جولائی تک لاک ڈاؤن رہے گا جس کے دوران تعلیمی ادارے،شادی ہال،ریسٹورنٹ، پارک اورسینما ہال بدستور بند رہیں گے، سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیلوں کےلیےجمع ہونےکی اجازت نہیں ہوگی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق کاروباری مقامات صبح 9 سےشام 7 بجے تک،پیرتاجمعہ کھلے رہیں گے جبکہ ہفتہ اتوار سخت لاک ڈاؤن ہوگا، میڈیکل اسٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی تندور،زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی۔
مزید پڑھیں: پنجاب لاک ڈاؤن، مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل، پیٹرول پمپس 24 گھنٹے کھلے رہیںگے
نوٹی فکیشن کے مطابق کال سینٹرز کو 50 فی صد عملےکےساتھ کھلا رکھنے، بین الاضلاع ٹرانسپورٹ چوبیس گھنٹے چلنے کی اجازت ہوگی، اشیائے خوردونوش کی دکانیں صبح 9 سے شام پانچ تک ہفتہ بھی کھلی رہیں گی جبکہ گرجا گھروں کو صرف اتوار کوصبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کےلیے کھولا جائے گا۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے کرونا وبا کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں 16 جون سے پندرہ روز کا لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا جس کی معیاد آج شام ختم ہورہی تھی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کرونا کے 75 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اسلام آباد میں 12 ہزار 775 کیسز سامنے آچکے ہیں۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں کرونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 1 ہزار 727 تک پہنچ گئی جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 27 ہزار 147 تک پہنچ گئی۔