لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر کے 8 فروری 2025 کو احتجاج، جلسے، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد کر دی۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے امن و امان اور صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارش پر دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کیلیے کیا گیا، شرپسند عناصر ریاست مخالف سرگرمیاں کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 8 فروری کو مینڈیٹ چوری کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، جنید اکبر
گزشتہ روز لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسے کی درخواست مسترد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ صوبائی دارالحکومت میں فروری میں بین الاقوامی نوعیت کے ایونٹس ہو رہے ہیں۔
اس میں کہا گیا تھا کہ ون ڈے کرکٹ سیریز اور دولت مشترکہ جنوب مشرقی ایشیا کے پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس ہو رہی ہے، ایونٹس میں ہارس اینڈکیٹل شو، فیض امن میلہ اور سہ ملکی کرکٹ سیریز شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے امن و امان کیلیے آرمی اور رینجرز کی خدمات پہلے سے طلب کر رکھی ہیں، مینار پاکستان تاریخی مقام ہے جلسہ خوبصورتی کو تباہ کرنے کے مترادف ہوگا۔
’پی ٹی آئی کو گزشتہ سال 21 ستمبر کو لاہور رنگ روڈ پر جلسے کی اجازت دی گئی تھی۔ لیکن اس نے این او سی کے تحت دی گئی اجازت کی شدید خلاف ورزی کی۔‘