لاہور: وزیراعلٰی شہباز شریف نے محرم الحرام میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی ہاؤس میں شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت اعلٰی حکومتی شخصیات شریک ہوئیں۔
اجلاس میں محرم کے دوران بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ لاہور کے حلقہ این اے 122 میں ضمنی انتخاب کے مختلف پہلو بھی زیر بحث آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلٰی نے محرم کے دوران منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کو بھی بلدیاتی امیدواروں کی انتخابی مہم کے حوالے سے ضابطہ اخلاق تیار کرنے کی سفارش کی جائے گی۔