لاہور: ن لیگ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست کر دی، تاہم پنجاب حکومت نے توسیع دینے سے انکار کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کے لیے مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری عطا تارڑ کی جانب سے محکمہ پنجاب کو درخواست دی گئی ہے، جسے نامنظور کر دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا اس سلسلے میں پنجاب حکومت کی پالیسی بہت واضح ہے، پیرول پر رہائی میں توسیع دینا حکومتی پالیسی میں نہیں ہے، شہباز شریف کو والدہ کی تدفین کے لیے ریلیف دیاگیا تھا، اب سیاسی گٹھ جوڑ کے لیے رہائی میں توسیع کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیر اعلیٰ نے پہلے ہی انسانی ہم دردی کی بنیاد پر زیادہ پیرول دیا، ن لیگ کو درخواست دینی ہی نہیں چاہیے تھی، سیاسی گپ شپ اور کاروباری امور کے لیے پیرول میں توسیع نہیں ملے گی، ماں کی میت کی صف پر سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو 27 نومبر کو بیگم شمیم اختر کی میت ایئرپورٹ پر وصول کرنے کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا تھا، بیگم شمیم اختر کا انتقال 22 نومبر کو لندن میں ہوا تھا۔
ادھر آج وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس پاکستان میں عالمی معیار کے مطابق تھے، وہ اپنے دل کے مسئلے کے لیے لندن گئے تھے، میرا خیال ہے نواز شریف کا دل اب ٹھیک ہو چکا ہے۔
یاسمین راشد نے کہا اب تو نواز شریف اونچی اونچی تقریریں بھی کر رہے ہیں، بہت ہو گیا نواز شریف واپس آ جائیں۔