منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

پنجاب میں میٹرو بس پر سبسڈی کم کرنے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پنجاب حکومت نے میٹرو بسوں کے کرائے پر سبسڈی کم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں میٹرو بسوں پر سبسڈی کم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ لاہور، ملتان اور راولپنڈی میٹرو کی سالانہ سبسڈی بارہ ارب روپے ہے۔

وزیر خزانہ پنجاب کے مطابق اب کرایہ بیس روپے نہیں ہوگا بلکہ شاہدرہ سے گجومتہ میٹرو کے کرایے اسٹاپ ٹو اسٹاپ مقرر ہوں گے، اس طرح عوام پر بوجھ بھی نہیں پڑے گا اور حکومتی سبسڈی میں بھی کمی آئے گی۔

مخدوم ہاشم نے کہا کہ چھوٹی امپورٹڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس میں کمی اور بڑی گاڑیوں کی فیس بڑھائی ہے، نوجوانوں کو روزگار دینے کے لیے جامع پروگرام تیار کرلیا گیا ہے، کاشتکاروں کو آسان شرائط پر قرضے دئیے جائیں گے جبکہ عوام کو مفت علاج کے لیے ہیلتھ انشورنس دئیے جائیں گے۔

ڈبل ڈیکر بس کے کرایوں میں اضافہ

دوسری جانب پنجاب ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے ڈبل ڈیکر بس کے کرایے میں بھی اضافہ کردیا ہے، ڈبل ڈیکر بس ملکی و غیرملکی سیاحوں کو شہر کی ثقافت اور سیر کراتی ہے۔

سیاحتی ڈبل ڈیکر بس کے کرایے میں 50 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے، بس کا کرایہ 200 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی ٹرپ کردیا گیا ہے، قذاتی اسٹیڈیم سے واہگہ بارڈر کا کرایہ 300 سے بڑھا کر 400 روپے کردیا گیا ہے۔

طلباء و طالبات کے لیے کرایہ 150 سے بڑھا کر فی ٹرپ 200 روپے کردیا گیا، بچوں کے لیے کرایے کی چھوٹ میں عمر کی حد 10 سے کم کرکے پانچ سال ہوگئی ہے، معذور افراد کے لیے بس کی ٹرپ مفت برقرار رکھی گئی ہے۔

تعلیمی اداروں کے لیے ڈبل ڈیکر بس کی بکنگ فی ٹرپ 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ کارپوریٹ سیکٹر کے لیے بس کی بکنگ 15 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار کردی گئی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں