لاہور: حکومتِ پنجاب نے اسپتالوں میں احتجاج کرنے والے ینگ ڈاکٹرز سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
صوبائی وزرا خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق کی زیرِ صدارت اجلاس میں مذکورہ فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کل سے ڈیوٹی پر نہ آنے والے عملے کی غیر حاضری لگانے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر سلمان رفیق نے کہا کہ گزشتہ روز صوبے کے فعال اسپتالوں کی او پی ڈیز میں 60 ہزار مریضوں کا علاج ہوا، وائس چانسلرز، ایم ایس اور پرنسپلز خود او پی ڈی میں کام کر رہے ہیں۔
سلمان رفیق نے کہا کہ وائس چانسلرز، ایم ایس اور پرنسپلز سے بدکلامی برداشت نہیں کریں گے، اسپتالوں کا نظام خراب کرنے میں ایک سیاسی پارٹی کے ایجنڈے پر عمل ہو رہا ہے۔
وزیر صحت پنجاب عمران نذیر نے کہا کہ حکومت بات کرنے کو تیار ہے مگر احتجاج ختم کیا جائے، احتجاج کے دوران کسی سے بات نہیں کریں گے، صحت کی سہولت مریضوں کا حق ہے اس پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
عمران نذیر نے کہا کہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کو برداشت نہیں کریں گے، اسپتالوں سے ہڑتال کا کلچر ہمیشہ کے لیے ختم کریں گے۔