لاہور: پنجاب حکومت نے 2 حصوں میں تقسیم محکمہ صحت کو ایک بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ صحت کو گزشتہ حکومت نے 2 حصوں میں تقسیم کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 2 حصوں میں تقسیم محکمہ صحت کو ایک بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ صحت کو گزشتہ حکومت نے 2 حصوں میں تقسیم کیا تھا۔ ایک حصہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ جبکہ دوسرا اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر بنایا گیا تھا۔ دونوں شعبوں کے الگ الگ سیکریٹریز اور وزیر تھے۔
موجودہ حکومت کے فیصلے کے بعد محکمہ صحت کا ایک سیکریٹری اور ایک ہی وزیر ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلے کی باقاعدہ منظوری جلد پنجاب کابینہ سے لی جائے گی، محکمہ صحت میں ایک سیکریٹری اور 2 اسپیشل سیکریٹری تعینات ہوں گے۔
محکمہ صحت میں اسپیشل سیکریٹری ون اسپیشلائزڈ ہیلتھ کے معاملات کا ذمے دار ہوگا جبکہ اسپیشل سیکریٹری ٹو پرائمری صحت اور پروگرامز کی نگرانی کا ذمے دار ہوگا۔
خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بننے کے بعد یاسمین راشد کو صوبائی وزیر صحت مقرر کیا گیا تھا۔