لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کرونا کے خلاف جنگ میں ہر ادارے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بی ایس ایل لیول تھری لیب کا افتتاح کر دیا۔انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرنطینہ مراکز میں28 ہزار مشتبہ افراد کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔
وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت کرونا ٹیسٹوں کی صلاحیت بڑھانے کے لیے پوری کوشش کر رہی ہے، کرونا کے خلاف جنگ میں ہر ادارے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کنفرم مریض لاہور میں ہیں،صوبے میں کرونا مریضوں کی تعداد 5730 ہوگئی، کرونا کے1380 مریض صحت یاب ہوکر گھر چلےگئے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 75 ہزار سے زائد تشخیصی ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں،پنجاب میں اب روزانہ 4 سے 5 ہزار ٹیسٹ کیے جا سکیں گے۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ لیول 3 کی سات لیبز فعال ہو چکی ہیں۔
پاکستان میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 14,885 ہو گئی، 327 جاں بحق
واضح رہے کہ نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں اموات کی تعداد 327 ہوگئی ہے، ملک کے مختلف حصوں میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 14,885 ہو گئی۔