لاہور: پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی اسپتالوں کی لوٹ مار کا نوٹس لے لیا، تمام نجی اسپتالوں کو اپنی ریٹ لسٹ کو فروری 2020 کی حد پر منجمد کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نجی اسپتالوں کی لوٹ مار روکنے کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن میدان میں آگیا، کمیشن نے نجی اسپتالوں کی ریٹ لسٹ کو فروری 2020 کی حد پر منجمد کرنے کا مراسلہ جاری کردیا۔
کمیشن کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نجی اسپتال مریضوں سے مقررہ ریٹس سے زائد وصول نہیں کرے گا۔ مراسلے میں نجی اسپتالوں کو ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کے بھی احکامات جاری کردیے گئے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نجی اسپتال ریٹ لسٹ اپنی ویب سائٹس پر بھی جاری کریں، اور اسپتال میں اپنے ریٹس نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔
کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ نجی اسپتال لسٹ میں بیڈ روم، آئسولیشن وارڈز اور وینٹی لیٹرز چارجز آویزاں کرنے کے پابند ہوں گے جبکہ ایکٹیمرا انجکشن رکھنے والے نجی اسپتال اس کی قیمت بھی آویزاں کریں۔