جمعرات, دسمبر 5, 2024
اشتہار

پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی افغانستان میں ہنگامی لینڈنگ، عملے کو طالبان نے پکڑ لیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے سبب افغانستان میں ہنگامی لینڈنگ کرگیا جہاں طالبان نے ہیلی کاپٹر میں موجود سات افراد کو یرغمال بنالیااور ہیلی کاپٹر نذر آتش کردیا۔

اطلاعات کے مطابق پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 جمعرات کی صبح 8بج کر 45منٹ پر پشاور سے ازبکستان جانے کے لیے روانہ ہوا تھا راستے میں افغانستان کے اوپر سے گزرتے ہوئے فنی خرابی کے سبب اسے ہنگامی طور پر افغان صوبے لوگر میں لینڈ کرنا پڑا، پائلٹ اور عملے سمیت ساتوں افراد ہنگامی لینڈنگ میں محفوظ رہےلیکن وہاں اترنے پر علاقے میں موجود طالبان کے کارندوں نے انہیں پکڑلیا۔

اطلاعات ہیں کہ طالبان نے ساتوں افراد کو یرغمال بنا کر ہیلی کاپٹر کو نذر آتش کردیا، ہیلی کاپٹر پنجاب حکومت کی ملکیت ہے اور مرمت کے لیے ازبکستان جارہا تھا۔

- Advertisement -

فوری طور پر طالبان کی جانب سے تاوان یا کوئی اور مطالبہ سامنے نہیں آسکا، ہیلی کاپٹر کی بازیابی اور کے لیے حکومت، پاک فوج اور دفتر خارجہ کی جانب سے نیٹو اور افغان حکام سے رابطوں کے ذریعے ان افراد کی بازیابی کے لیے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔یرغمال بنائے گئے تمام افراد پاکستانی اور سویلین ہیں تاہم ایک فرد روسی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہےکہ ہیلی کاپٹر کی مرمت کا شیڈول طے تھا اور وہ مرمت کے لیے ہی ازبکستان جارہا تھا کہ یہ واقعہ پیش آگیا۔

logar-post - Copy

ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کی فہرست اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی جس کے مطابق عملے میں ایک پائلٹ، کو پائلٹ اور اسسٹنٹ پائلٹ شامل ہیں ان کے نام ریٹائرڈ کرنل صفدر، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل شفیق، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل ناصر، ریٹائرڈ حوالدر کوثر، ریٹائرڈ میجر صفد ، سویلین شہری دائود اور روسی ہوا باز سرگئی سیواس تیانوف ہیں۔

صوبہ لوگر کے گورنر نے ہیلی کاپٹر کے متی کے علاقے میں گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہیلی کاپٹر گرتے ہی آگ کی لپیٹ میں آگیا، اس میں سوار افراد مقامی طالبان کے قبضے میں ہیں۔افغان آرمی نے بھی ہیلی کاپٹر کے گرنے کی تصدیق کردی۔افغان میڈیاکے مطابق طالبان نے ہیلی کاپٹر کو آگ لگادی۔

اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر 11 برس قبل ازبکستان سے خریدا گیا تھا جس کی مرمت کی مد میں حکومت پنجاب نے 24 کروڑ روپے منظور کیے ،افغانستان سے ہیلی کاپٹر گزرنے کی باقاعدہ اجازت لی گئی تھی جسے ازبکستان کے شہر بخارا پہنچنا تھا،ہیلی کاپٹر کا ٹیل نمبر اے پی بی جی ایف جو برف اور سمندر میں بھی لینڈ کرسکتا ہے

یہ بھی اطلاعات ہیں کہ بیک ڈور چینل کے ذریعے طالبان سے رابطے کیے جارہے ہیں کیوں کہ جہاں ہیلی کاپٹر  اترا ہے وہ علاقہ طالبان کے زیر انتظام ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے پر تمام متعلقہ وفاقی اداروں سے رابطے میں ہوں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں