چنیوٹ: گھر کا کام دیر سے کرنے پر شوہر نے اپنے گھر والوں کے ساتھ مل کربیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں گھر کا کام دیر سے کرنے پر شوہر نے گھر والوں کیساتھ مل کر اپنی بیوی پر تشدد کیا ہے، فیصل آباد کی رہائشی خاتون کی 12 سال قبل کاشف سے ہوئی تھی۔
اس واقعے کے بعد خاتون کے بھائی نے تھانہ سٹی میں مقدمے کی درخواست دائر کردی، بھائی نے پولیس کو بتایا کہ کاشف 4 بچوں کی ماں کو اکثر تشدد کا نشانہ بناتا ہے۔
بھائی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ گھر کی صفائی دیر سے کرنے پر کاشف اور اس کے گھر والوں نے بہن پر تشدد کیا، کاشف نے بیہوش ہونے پر بیوی کو بغیر پنکھے کے کمرے میں بند کردیا تھا۔
دوسری جانب میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون کے چہرے اور جسم پر تشدد کے متعدد نشانات موجود ہیں۔