پنجاب کے شہریوں کے لیے ’ایم ٹیگ‘ حاصل کرنے کے لیے نئی شرط عائد کردی گئی ہے جو کہ موٹرویز استعمال کرنے کی ضروری ہے کیونکہ صوبائی حکومت فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہے۔
پنجاب میں یہ فیصلہ مختلف شہروں بالخصوص لاہور میں اسموگ میں ریکارڈ اضافے کے بعد کیا گیا جس مین ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے۔
لاہور میں ہوا معیار غیر صحت بخش ہے جس کا اے کیو آئی 290 ہے، لاہور میں پی ایم 2.5 کا ارتکاز اس وقت ڈبلیو ایچ او کی سالانہ ایئر کوالٹی گائیڈ لائن ویلیو سے 22.2 گنا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ فٹنس سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والی گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری نہیں کیا جائے گا۔
گاڑیوں کے تمام مالکان کو فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی کیونکہ انہیں ایم ٹیگ کے لیے درخواست دیتے وقت اسے رجسٹریشن بک اور لائسنس کی کاپیوں کے ساتھ جمع کرانا ہوگا۔
علاوہ ازیں اسموگ سے نمٹنے کے لیے ہر سال اکتوبر سے جنوری تک 30 سال پرانی گاڑیوں کو موٹر ویز استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ یہ اقدام خطے میں اسموگ پر قابو پانے کے لیے کیا گیا ہے جبکہ نئے قوانین کا اطلاق ابتدائی طور پر سرکاری گاڑیوں پر ہوگا۔