لاہور : پنجاب کی جیلوں میں سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوگئی ہے، جیلوں کے اندر اور اطراف نصب کیے گئے تقریباً تمام سیکیورٹی آلات خراب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر کی جیلوں کی سیکیورٹی خطرے میں پڑگئی ہے جیلوں میں حفاظتی انتظامات کے تحت لگائے جانے والے کیمرے اسکینرز، واک تھرو گیٹس اورمیٹل ڈیٹکٹرز سمیت دیگر آلات ناکارہ ہوگئے۔
2017میں 27جیلوں میں کیمرے، اسکیننگ مشینیں، موبائل جیمرز لگائے گئے تھے، اس حوالے سے جیل حکام کا کہنا ہے کہ27جیلوں کے لیے واکی ٹاکی، واک تھرو گیٹس بھی لیے گئے تھے۔
جیلوں میں نصب آلات کی بڑی تعداد خراب ہوگئی ہے، جیلوں میں نصب ساڑھے 400سے کیمرے زائد خراب ہوچکے ہیں، جیلوں کے راستوں پر نصب 255 کیمرے بھی کام کرکے سے قاصر ہیں۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ جیلوں میں 40اسکیننگ مشینوں میں سے13خراب ہوگئیں،265واکی ٹاکیز، 165میٹل ڈٹیکٹرز اور 8واک تھرو گیٹس بھی خراب ہوگئے۔
جیلوں میں نصب موبائل جیمرز کے 15فیصد اسٹیشنز خراب جبکہ سیکیورٹی سرویلنس سلوشن سسٹم کی مرمت کرنے کا معاہدہ ختم ہوچکا ہے، نئے معاہدے کے لئے 35 کروڑ کے فنڈز درکار اور 25کروڑ واجب الادا ہیں۔