لاہور : پنجاب کی وزارت قانون نے مضر صحت اور جعلی کاسمیٹکس کی روک تھام کےلیے پنجاب کاسمیٹیکس کنٹرول بل تیار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بزدار حکومت نے عوام کیلئے ایک اور بڑا اقدام کرتے ہوئے جلد کیلئے نقصان دہ جعلی کاسمیٹکس تیار کرنے والوں کےخلاف قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے۔
قانون سازی کےلیے وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت پنجاب کاسمیٹکس کنٹرول بل 2021 پر اجلاس شروع ہوچکا ہے۔
راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ کاسمیٹکس کی تیاری اور فروخت کو قانون کے دائرے میں لارہے ہیں، کاسمیٹکس کی ریگولیشن کےلیے بہت جلد اسمبلی میں بل آرہا ہے۔
وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ پیسے کی آڑ میں کسی کو انسانی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، مجوزہ قانون جعلی اور مضر صحت کاسمیٹکس کی روک تھام ممکن بنائے گا۔
خیال رہے کہ کچھ ماہ قبل پنجاب حکومت نے جعلی کاسمیٹکس تیار کرنے والوں کےخلاف کارروائی کی تھی۔