لاہور کے علاقے باٹا پور کے قریب نواحی گاؤں بھسین میں بجلی چوری کی بڑی واردات کا انکشاف ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے وزیر بیت المال اور سماجی بہبود سہیل شوکت بٹ کے گھر اور ان کے گاؤں میں کھلے عام بجلی چوری کی جارہی ہے، پروگرام ’سرعام‘ کے اینکرپرسن اقرار الحسن نے بجلی چوری کا راز فاش کردیا۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کے گھر چوری کی بجلی استعمال کی جارہی تھی۔
اقرارالحسن نے سہیل شوکت بٹ سے فون پر رابطہ کیا اور انہیں بتایا کہ آپ کے گھرچوری کی بجلی استعمال کی جارہی ہے جس پر وہ انجان بن گئے اور کہنے لگے اوہ اچھا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بجلی کا کنڈا صوبائی وزیر کے گھر میں جارہا ہے۔
اقرار الحسن نے کہا کہ جب لیڈر بجلی چور ہوگا تو باقی لوگوں بھی شے ملے گی، حیران کن طور پر ان کا وسیع و عریض گھر ہے جو ان کا ڈیرہ اور رہائشگاہ ہے اس میں براہ راست کنڈا لگا کر بجلی چلائی جارہی ہے۔
اس سے قبل لیسکو یا پولیس اہلکار کی ہمت نہیں تھی کہ وہ اس گاؤں میں جائے کیونکہ جو بھی وہاں جاتا ہے لوگ اس کی درگت بنادیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر بھی پتھر برسائے گئے اور ڈنڈے پھینکے گئے لیکن ہم بچ کر نکل گئے۔
اقرار الحسن نے کہا کہ جہاں پر لوگ زیورات بیچ کر بجلی کا بل ادا کرنے پر مجبور ہیں وہاں منتخب ایم پی اے، صوبائی وزیر ڈنکے کی چوٹ پر بجلی چوری کررہا ہے اور حکومت ایکشن نہیں لے رہی اور ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔