لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ ڈینگی کی وبا پر عوام کے تعاون کے بغیر قابو نہیں پایا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ڈینگی سے متعلق آگاہی پیدا کرسکتی ہے لیکن حکومت تنہا ڈینگی سے نہیں لڑ سکتی ہےاس کے لیے عوام کا تعاون درکار ہوگا۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب میں 3200 سے زائد ڈینگی کے کیسز آئے ہیں، رواں سال ڈینگی سے متعلق خبروں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔
دوسری جانب معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں ڈینگی سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل دستیاب ہیں، ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لیے بھرپور اقدامات یقینی بنارہے ہیں۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی میں ڈینگی مچھر نے مزید دو افراد کی جان لے لی، مجموعی تعداد 28 ہوگئی
واضح رہے کہ آج راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں زیر علاج ڈینگی سے متاثرہ 55 سالہ خاتون نجمہ دم توڑ گئیں، نجمہ کالج روڈ راولپنڈی کی رہائشی تھیں۔
ہولی فیملی اسپتال میں زیر علاج 50 سالہ پرویز بھی دم توڑ گیا، پرویز اسلام آباد کے علاقہ کورال چوک کے رہائشی تھے، پنجاب میں ڈینگی بخار سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب شہر قائد میں ڈینگی سے متاثرہ کیماڑی کی رہائشی 21 سالہ عذرا لیاری جنرل اسپتال میں دم توڑ گئی، سندھ میں اب تک 12 افراد جان سے جا چکے ہیں۔
حکومت پاکستان نے ملک بھر میں ڈینگی کے پھیلاؤ کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈینگی پھیلاؤ کی تحقیقات عالمی اداروں سے کرائی جائیں گی۔