راولپنڈی: ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جبکہ کراچی میں موسم ابرآلود رہے گا اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،پشاور،شانگلہ: اسلام آباد، لاہور ، پختونخوا، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا جسکے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، بارش سے مختلف اضلاع میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے، پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔
راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد جہاں شہریوں کے چہرے کھل اٹھے وہیں انتظامیہ کی ناقص کارکردگی اور نااہلیوں کے باعث باران رحمت، باران زحمت بنی تو انکے چہروں پر پریشانی نظر آئی۔
موسلادھار بارش نے نظام زندگی مفلوج کردیا ہے، سڑکیں تالاب بن گئیں،نالے ابل پڑے ہیں، بارش کے باعث نالہ لئی میں طغیانی آنے کے بعد راولپنڈی کی سڑکیں، گلیاں اور میدان تالاب بن گئے، نکاسی آب کے بدتر نظام کے باعث گٹر بھی ابل پڑے،ٕ موسلادھاربارش کے باعث محلہ امام باڑہ، جامع مسجد روڈ تالاب بن گئے۔
تین فٹ پانی دکانوں اور گھروں میں داخل ہو گیا، بعض علاقوں میں کچےمکانات کونقصان پہنچا جبکہ بجلی بھی معطل ہوگئی۔ جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، امرپورہ، گلاس فیکٹری، کری روڈ، ٹنچ بھاٹہ، آدڑہ محلہ کے نالے بھی ابل پڑے، گلیوں اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ مری روڈ کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہوگیا۔
پشاور میں دریائے کابل میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد مضافاتی علاقوں سے لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایت کردی گئی ہے۔