لاہور : پنجاب پولیس نے قتل اور سنگین وارداتوں کے مقدمات میں مطلوب 2 اشتہاری ملزمان یو اے ای سے گرفتار کرلیے جنہیں آج پاکستان منتقل کیا جائے گا۔
اے آّر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس اسپیشل آپریشنز سیل کی ٹیم کی نے متحدہ عرب امارات میں کارروائی کی ہے۔
اس حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ قتل اور سنگین وارداتوں میں مطلوب2اشتہاری ملزمان کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پنجاب پولیس کی ٹیم مجرموں کو دبئی سے لے کر آج صبح اسلام آباد پہنچے گی، رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاری ملزمان کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم ولید اور علی زیب گوجرانوالہ پولیس کو قتل، اقدام قتل کی وارداتوں میں مطلوب تھے، دونوں اشتہاری ملزمان جرم کا ارتکاب کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات فرار ہوگئے تھے۔
پنجاب پولیس نے انٹرپول سے مجرمان کے ریڈ نوٹسز جاری کروائے، گرفتاری کیلئے کوششیں جاری رکھیں اور متحدہ عرب امارات پولیس کے تعاون سے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ سال نومبر میں ایف آئی اے نے 2 خطرناک اشتہاری ملزمان کو یو اےای سے گرفتار کیا تھا۔
مزید پڑھیں : ایف آئی اے نے 2 اشتہاری ملزم کو یو اےای سے گرفتار کرلیا
دونوں گرفتار ملزمان علی رضا اور محمد نادر کو یو اے ای سے گرفتار کرکے لاہور ایئرپورٹ لایا گیا تھا، گرفتار ملزمان پنجاب پولیس کو مطلوب تھے۔
ملزم محمد نادر کے خلاف تھانہ کوٹ مبارک، ڈی جی خان میں مقدمہ ہے جبکہ ملزم علی رضا کے خلاف تھانہ بھگتا والا سرگودھا میں مقدمہ درج ہے۔