لاہور: تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے خلاف پنجاب بھر میں بڑا کریک ڈائون جاری ہے جس میں سیکڑوں کارکنوں اور متعدد ضلعی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ق لیگ کے سینیٹر کامل علی آغا کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد دھرنے سے روکنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف اور اتحاد جماعتوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون جاری ہے، کارکنوں اور رہنمائوں کے گھروں پر چھاپے مار کر انہیں گرفتار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور داتا نگر میں ق لیگ کے سینیٹر کامل علی آغا کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا تاہم سینٹر گھر پر موجود نہیں تھے۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ پولیس اہلکار چار دن سے گلی کے چکر لگارہے تھے اور آج انہوں نے میرے گھر دھاوا بول دیا۔
فیصل آباد سدھو پورہ سے پی ٹی آئی کارکن راناممتاز کو ، پیر محل سے سابق یونین کونسلر ننھا کو، شیخوپورہ میں ایک کونسلر سمیت 12 کارکنوں کو، ننکانہ میں سابق سٹی صدر سمیت 5 کارکن کو گرفتار کرلیا گیا، ننکانہ میں ہی پولیس سابق ڈسٹرکٹ جنرل سیکریٹری کی عدم موجودگی میں ان کے والد کو پکڑ کر لے گئی، شاہ کوٹ اور مانگٹاں والا میں بھی کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
لاہور میں پولیس کے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، اچھرہ، ستو کتلہ، اسلام پورہ، گلشن راوی سمیت دیگر علاقوں سے متعدد کارکنان گرفتار کرلیے گئے ان میں فراز سعید، رانا سلمان، چوہدری لیاقت، چوہدری نعمان، نصیر احمد بھی شامل ہیں۔
لاہور یونین کونسل 65 اسلام پورہ سے پی ٹی آئی رہنما علی نوید کو گرفتار کرلیا وہ کارکنوں کو جمع کررہے تھے۔
چکوال میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کے گھر چھاپے مارے گئے۔
جھنگ روڈ سے پی ٹی آئی رہنما میاں وارث کے بھائی اور سیکریٹری کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈی جی خان میں ایم پی اے احمد علی دریشک گھر چھاپہ مارا گیا تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔
فیصل آباد، چکوال، چیچہ وطنی اور بہاولپور میں بھی چھاپے مارے گئے، بہاولپور میں کارکنان نہیں ملے ان کی اکثریت اسلام آباد روانہ ہوچکی ہے۔
ملتان میں پولیس نےپی ٹی آئی ایم پی اے جاوید انصاری کو گرفتار کرلیا، شاہ محمود قریشی کے قریبی ساتھی ملک احمد حسین ڈیہڑ کے گھر پرچھاپہ مارا تاہم ملک احمد حسین پہلے ہی بنی گالہ پہنچ چکے ہیں۔
فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں پی ٹی آئی کے رہنما عامر جٹ کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا تاہم وہ گھر پر نہ ملے، اہل خانہ نے بتایا کہ پولیس سیڑھیاں لگا کر گھر میں داخل ہوئی او رہم سے بدسلوکی سے پیش آئی جب کہ ماموں کانجن میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کے لیے گھروں پر چھاپے جاری ہیں۔
فیصل آباد میں ہی سلطان پور میں چھاپے مارے گئے او ر سنی اتحاد کونسل کے دو کارکن گرفتار کرلیے گئے۔
نمائندہ لاہور بابر خان کے مطابق پولیس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا جائے گا اور گرفتار کارکنوں کو نظر بند کرنے کے بجائے ایم پی او کے تحت جیل بھیج دیا جائےگا۔
سرگودھا میں بھی پولیس نے کریک ڈائون کیا، مسلم لیگ ق یوتھ ونگ کے رہنماؤں شکیل سکندر اور وقاص باجوہ کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے، وقاص باجوہ نے کہا ہے حکمران اتنا ظلم کریں جتنا کل برداشت کرسکیں،اہل خانہ کو زدوکوب نہ کیاجائے۔ضلعی رہنما پی ٹی آئی نوید اسلم، عنصرمجید نے کہا کہ میرے گھر میں گھس کر خواتین اور بچوں کوہراساں کیاگیا،متعلقہ رہنما نہ ملنے پر پولیس بھائی،بھتیجوں اور رشتہ داروں کوپکڑرہی ہے۔
مسلم لیگ ق کے رہنما اور ایم پی اے عامرسلطان چیمہ کی رہائش گاہ پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا تاہم گرفتاری نہ ہوسکی۔
ق لیگ کےجھنڈوں اور ڈنڈوں سے بھرے تین ٹرک ضبط، مقدمہ درج
اسلام آباد پولیس نے ق لیگ کے ڈنڈوں اور جھنڈوں سے بھرے تین ٹرک پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے جس کامقدمہ ق لیگ کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حکومت نے ایک اور سیاسی مخالف جماعت کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی،پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد آنے والے تین ٹرکوں سے ق لیگ کے جھنڈے اور ڈنڈے برآمد ہوئے ہیں، یہ سامان چوہدری شجاعت کے گھر منتقل کیا جارہا تھا جسے ق لیگ کے رہنما پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی نے گجرات سے بھیجا ہے۔
ق لیگ نے ٹرک پکڑے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرک میں ڈنڈے نہیں صرف جھنڈے تھے تاہم جھنڈوں کی ڈنڈیوں کو ڈنڈے کہہ دیا گیا۔