اسلام آباد: رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر پنجاب پولیس نے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ماہ صیام کی آمد کے پیش نظر مساجد، امام بارگاہوں، مذہبی مقامات کی سیکیورٹی پر 75 ہزار سے زائد نفری تعینات ہوگی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق نفری میں پولیس افسران، اہلکار اورکمیونٹی رضاکار شامل ہوں گے، لاہور میں مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں پر 5 ہزار سے زائد افسران، اہلکارتعینات ہونگے۔
پنجاب بھرکی حساس مساجد، امام بارگاہوں پر 200 سے زائد واک تھرو گیٹ نصب جبکہ 12 ہزار سے زائد میٹل ڈٹیکٹرز چیکنگ کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب کے مطابق گزشتہ رمضان کے سکیورٹی ایس او پیز سے مزید بہتر پلان تشکیل دیا گیا، سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر پولیس ملک دشمن عناصر پر کڑی نظررکھے، سیکیورٹی بڑھائی جائے۔
قبل ازیں کراچی میں پریڈی تھانے پر کریکر سے حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں پریڈی تھانے پر نامعلوم افراد نے کریکر سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ نے میڈیا کو بتایا کہ 2 اہلکار معمولی زخمی ہیں تاہم ایک اہلکار کی آنکھ کے پاس چھرّا لگا ہے جس کی حالت تشویشناک ہے۔
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 خارجی ہلاک
پولیس حکام کے مطابق نامعلوم ملزمان کی جانب سے پھینکا گیا کریکر پریڈی تھانے کے احاطے میں گرا، دھماکے سے مرکزی دروازے کے قریب کھڑی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔
کریکر دھماکے سے تھانے کی دیوار پر نشانات پڑگئے، واقعے کے فوری بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا، کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرناشروع کردیے۔