لاہور : پنجاب میں اسموگ کے باعث اسکول کے اوقات تبدیل کر دیے گئے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اسموگ سے بچے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں اسموگ کا راج ہے، محکمہ تعلیم پنجاب نے اسموگ کےباعث اسکولوں کے اوقات تبدیل کر دیئے، اسکول کل سے نو بجے کھیلں گے اور ڈھائی بجے چھٹی ہوگی۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے اسکول مالکان کو خبردار کیا اوقات تبدیل نہ کئے تو کارروائی ہوگی۔
ڈاکٹرز نے بھی خبردار کیا ہے اسموگ سے خاص طور پر بچے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب اسموگ کے باعث لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، پنجاب کے اسپتالوں میں آنکھ ناک کان اور گلے کے امراض کی شکایت لے کر آنے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ایم ایس سروسز اسپتال ڈاکٹر امیر معالجین کا کہنا ہے کہ اسموگ سے ہونے والے امراض سے بچنے کے لئے احتیاط ضروری ہے، اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر آگاہی کیمپس اور سیمینارز کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔
اسموگ نے جہاں دیگر معمولاتِ زندگی کو متاثر کیا ہے وہیں مواصلاتی نظام کو بھی درہم برھم کر دیا ہے۔ موٹر وے سولہ گھنٹوں سے زائد ٹریفک کے لیے بندرہی اور مسافر اپنی منزلوں تک نہیں پہنچ پائے، فضا میں چھائی دھند اور اسموگ کے باعث ناصرف موٹروے بلکہ لاہور ایئرپورٹ بھی بارہ گھنٹوں تک پروازوں کے لئے بند رہا۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ ان دنوں میں سفر سے پہلے اُن کے اسموگ انفارمیشن سنٹر پررابطہ کریں۔