لاہور : شدید گرمی کے پیش نظر اسکولوں کو بچوں اور اساتذہ کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق شدید گرمی کے دوران اسکولوں کیلئے حفاظتی تدابیر کی ایڈوائزری جاری کردی گئی۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کوہدایات جاری کردیں، جس میں کہا ہے کہ بچوں اور اساتذہ کے لیے صاف، ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ کلاسیں سایہ دار اور ہوادار جگہوں پر کروائی جائیں، پنکھے یا ٹھنڈک کے دیگر آلات درست حالت میں ہوں.
محکمہ اسکول ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ دوپہر کے وقت بچوں کو آؤٹ ڈور سرگرمیوں سے روکا جائے اور عملے کو فوری طبی امداد دینے کی تربیت دی جائے۔
خیال رہے ملک بھرمیں گرمی کی شدت بڑھنے لگی۔ سندھ کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت چالیس ڈگری سے اوپرپہنچ گیا۔
جنوبی پنجاب میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ درجہ حرارت کہیں چالیس تو کہیں بیالیس سینٹی گریڈ پر پہنچ رہا ہے۔
ڈی جی خان، ملتان،سرگودھا میں چالیس اورلاہور میں سینتیس سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔