لاہور : پنجاب کےاکیس اور سندھ کے پندرہ اضلاع کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر بلدیاتی انتخابات کے دوران ملتوی ہونے والی پولنگ آج ہوئی جبکہ بدین اور سانگھڑ میں الیکشن ملتوی کردیئے گئے ہیں.
سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کے دوران ملتوی ہونے والی نشستوں پر پولنگ اختتام پذیر ہوگئی اور اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
انتخابات میں پنجاب کےاکیس اضلاع کی ستاون یوسیز اورسندھ کے پندرہ اضلاع کی چوالیس یوسیز شامل ہیں۔
پنجاب کے اکیس اضلاع میں لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ساہیوال، اٹک، بھکر،سرگودھا، فیصل آباد، گجرات، وہاڑی، بہاول نگر، چنیوٹ، گوجرانوالہ، خانیوال، سیالکوٹ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور نارووال کی متعدد یوسیز میں پولنگ ہورہی ہے جبکہ سندھ کے سولہ اضلاع کی چوالیس یونین کونسلز اور چار ٹاؤن کمیٹیزکے لیے پولنگ ہوئی ہے.
سندھ میں خیرپور، گھوٹکی، جیکب آباد، کشمور، شکارپور،قمبر شہداد کوٹ،حیدرآباد، نوشہروفیروز، ٹنڈوالہٰ یار، تھرپارکر، ٹھٹھہ، سجاول، میرپورخاص، کراچی شرقی اور کراچی غربی شامل ہیں۔
ان تمام اضلاع کی چند یوسیز میں پولنگ کے دوران بیلٹ پیپر کی کمی، نام اور انتخابی نشان کی غلط چھپائی، بیلٹ پیپر چھیننے، ہنگامہ آرائی اور بدامنی کے واقعات اور امیدواروں کی جانب سے تحفظات کے اظہار کے پیشِ نظر ملتوی کئے گئے تھے۔