اسلام آباد : سپریم کورٹ نے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرلیا اور حکم ناموں کی مصدقہ نقول طلب کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت پنجاب حکومت نےبلدیاتی اداروں کی بحالی کانوٹیفکیشن پیش کیا۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ پنجاب حکومت کےنوٹیفکیشن کی ڈرافٹنگ ہی درست نہیں، صوبائی حکومت سمجھتی ہےبلدیاتی ادارےانہوں نے بحال کیے، جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب حکومت نےکہاعدالتی حکم پرعمل نہیں ہوسکتا۔
سپریم کورٹ نےلاہور ہائیکورٹ کی تمام کارروائی کاریکارڈطلب کرتے ہوئے کہا تحقیقات کرکےمعاملے کی تہہ تک جائیں گے، ۔جسٹس مظہرعالم نے ریمارکس میں کہا سیکرٹری کے تحریری جواب میں ہےکہ وزیراعلیٰ کو سمری بھیجی تھی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ جو بھی ذمہ دار ہوا اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب،سابق چیف سیکرٹری پنجاب،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور سماعت دو ہفتوں کےلیے ملتوی کردی گئی۔