گوجرانوالہ: حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری اسکولوں کی نجکاری کے خلاف ہیڈماسٹر اور اساتذہ کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکا نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے نجکاری کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری اسکولوں کی نجکاری اور انہیں این جی اوز کے حوالے کرنے کے فیصلے پر پنجاب کے مختلف ضلع کے اساتذہ نے حکومت کے خلاف ریلی نکالی۔
ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے مختلف سرکاری اسکولوں کے ہیڈماسٹرزاور اساتذہ نے پنجاب ایجوکیشن کمیشن کے تحت سرکاری اسکولوں کی نجکاری کے خلاف پریس کلب سے جی ٹی روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
پڑھیں: ’’ اساتذہ کا دو روز سے جاری کفن پوش دھرنا ختم کرنے کا اعلان ‘‘
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نجکاری کے خلاف نعرے درج تھے ، ریلی کے شرکا ء کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اسکولوں کو نجی تنظیموں کے حوالے کیا جا رہا ہے جس سے نظام تعلیم بری طرح متاثر ہو جائے گا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ نجکاری کے فیصلوں کوفوری واپس لے ۔
خیال رہے رواں سال مئی کے ماہ میں پنجاب حکومت کے فیصلے کے خلاف صوبے بھر سے تعلق رکھنے والے اساتذہ نے پنجاب اسمبلی کے باہر کفن پوش احتجاجی مظاہرہ کیا تھا، بعد ازاں دو روز بعد وزیر تعلیم پنجاب سے کامیاب مذاکرات کے بعد ٹیچرایسوسی ایشن نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔