خان پور: پنجاب کے علاقے خان پور میں انسانیت سوز واقعے نے دل دہلا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خان پور کے علاقے ملک آباد میں نہر کے قریب سے نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے،نامعلوم افراد نے قتل کرکے لاش کو آگ لگا دی، پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت اٹھائیس سالہ عمران ولد رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔
مقتول کے چچا کے مطابق عمران علی الصبح اپنے کام پر جانے کے لیے گھر سے گیا اور کچھ دیر بعد مارننگ واک پر جانے والے علاقے کے کچھ افراد نے نہر کے قریب عمران کی لاش دیکھی۔عینی شاہدین کے مطابق لاش برُی طرح جھلس چکی تھی، افسوسناک واقعے کی اطلاع ملنے پر سٹی پولیس اور فرانزک ٹیم موقع پر پہنچی اور تحقیقات شروع کردی ہیں، فوری طور پر دلخراش واقعہ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے، پولیس نے ملزمان کی تلاش کا کام بھی شروع کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے خانپور ملک آباد میں آگ لگا کرنوجوان کوقتل کرنے کا نوٹس لیا ہے اور آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی ہے، سردار عثمان بزدار نے افسوسناک واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے، افسوسناک واقعےمیں ملوث ملزمان رعایت کے مستحق نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ مقتول کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔