پنجاب کے شہر فورٹ عباس میں خاتون نے بیٹوں کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے ضلع بہاولنگر کے شہر فورٹ عباس میں خاتون نے بیٹوں کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کیا اور لاش کو گھر کے صحن میں ہی دفن کردیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ مقتول محمد اقبال کی لاش ڈیرھ ماہ بعد گھر کے صحن سے برآمد کرلی گئی۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مقتول محمد اقبال کی والدہ نے شک ہونے پر پولیس کو اطلاع دی تھی، شوہر کو قتل کرنے پر بیوی اور دونوں بیٹوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال اگست میں بہاولنگر میں بیٹیوں کی پیدائش پر شوہر نے دوسری بیوی اور والدہ کے ساتھ مل کر پہلی بیوی کو قتل کردیا تھا۔
کوٹ رادھا کشن کی رہائشی شمائلہ بی بی نے خادم آباد کالونی بہاولنگر کے نعمان سے پسند کی شادی کی تھی، شمائلہ بی بی کے بطن سے 2 بیٹے اور 4 بیٹیاں پیدا ہوئیں، ہر بیٹی کی پیدائش پر اسے خاوند اور سسرال والوں سے جہیز نہ لانے اور بیٹی پیدا کرنے کے طعنے سننے پڑتے۔
2 اگست 2024 کو 37 سالہ شمائلہ نے چوتھی بیٹی کو جنم دیا جو بعد ازاں پراسرار طور پر فوت ہو گئی مگر خاوند اور سسرال کی ناراضگی کم نہ ہوئی، اسی رنج میں نعمان نے نبیلہ بی بی سے دوسری شادی رچا لی۔
جس کے بعد گزشتہ روز نعمان نے مبینہ طور پر اپنی دوسری بیوی اور والدہ کے ساتھ مل کر شمائلہ بی بی کو گیس سلنڈر کے ساتھ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ دم توڑ گئی۔