لاہور: خفیہ اداروں نے پنجاب میں یوم آزادی پر دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کردیا اور سیکیورٹی اداروں کو آگاہ کیا ہے کہ دو خودکش حملہ آور پنجاب میں داخل ہوچکے ہیں اس لیے سیکیورٹی سخت کردی جائے۔
تفصیلات کے مطابق حساس اداروں نے پنجاب میں دہشت گردی کا خطرہ ظاہر کیا ہے، محکمہ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے حکومت کو جاری مراسلے میں کہا ہے کہ دہشت گرد یوم آزادی کے موقع پر تخریب کاری کرنا چاہتے ہیں۔
مراسلے کے مطابق دو دہشت گرد پنجاب میں پہنچ چکے ہیں جبکہ دہشت گردوں کے پاس خودکش جیکٹس بھی موجود ہیں۔ خفیہ اداروں کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کا ملا فضل اللہ گروپ کارروائی کرنے کا خواہش مند ہے اور یہ کارروائی تیرہ تا 15اگست کے دوران کسی بھی وقت کی جاسکتی ہے۔
مراسلے میں رینجرز، پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو فول پروف سیکیورٹی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حساس اداروں کی جانب سے یوم آزادی پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے جبکہ شہر میں اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔