اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

وزیرِاعلیٰ پنجاب کی نااہلی کے لیے دائر کردہ درخواست خارج

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لئے دائر درخواست خارج کردی گئی ہے‘ عمران خان کی جانب سے بابر اعوان نے عدالت میں دلائل دیے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید، راجہ ریاض، اسلم اقبال سمیت دیگر رہنما بھی عدالت میں موجود تھے ۔

عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف عوامی عہدہ رکھنے کے ساتھ ذاتی کاروبار سے منسلک رہے اور انہوں نے اپنے بھائی میاں نواز شریف کو چھ ارب کے تحائف دیے، اس رقم کی کوئی منی ٹریل نہیں۔

بابر اعوان نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنے خاندان کی ملکیت شوگر ملز غیر قانونی طور پر منتقل کیں اور منتقلی کے لئےاثر و رسوخ استمعال کیا، شریف خاندان کے اثاثے ان آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے، شہباز شریف نے اختیارات سے تجاوز کر کے بطور وزیراعلیٰ اپنے حلف کی خلاف ورزی کی، ووٹرز کے اعتماد کو ٹھیس پہنچایا جس پر وزیراعلیٰ پنجاب کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیا جائے۔

عدالت نے بابر اعوان سے استفسار کیا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا متعلقہ فورم موجود ہونے کے باوجود براہ راست عدالت سے کیوں رجوع کیا، جس پر بابر اعوان نے کہا کہ متعلقہ فورم سے بھی رجوع کیا تھا، اسپیکر پنجاب اسمبلی بھی اسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں، جس سے شہباز شریف کا تعلق ہے، آئین کے ارٹیکل باسٹھ کے تحت نااہلی کا فورم عدالت عالیہ ہی ہے۔

عدلیہ مخالف بیان بازی، نواز شریف، شہباز شریف سمیت سترہ پارلیمنٹیرینز کی نااہلی کیلئے درخواست دائر

دوسری جانب عدلیہ مخالف بیان بازی کرنے پر میاں نواز شریف، شہباز شریف،، خواجہ سعد رفیق اور رانا ثنااللہ سمیت سترہ پارلیمنٹیرینز کی نااہلی اور ان کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست سول سوسائٹی نیٹ ورک کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ سترہ اراکین پارلیمنٹ نے پانامہ کیس کی سماعت سے قبل اور جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعد مسلسل عدلیہ مخالف بیان بازی کی جو کہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست میں فریق بنائے گئے اراکین پارلیمنٹ عدلیہ مخالف بیان بازی کے ذریعے آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں، ان اراکین پارلیمنٹ کی نااہلی کے لئے متعلقہ فورم چئیرمین سینٹ، اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلی سے بھی رجوع کیا گیا مگر درخواست گزار کی درخواستیں رد کر دی گئیں۔د

درخواست میں کہا گیا کہ اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلی ن لیگ سے تعلق رکھتے ہیں، لہذا درخواستوں کا مسترد کیا جانا بدنیتی پر مبنی ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت سترہ پارلیمنٹیرینز کی نااہلی کا حکم دیتے ہوئے ان کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کرے۔

درخواست میں میاں نواز شریف، شہباز شریف،خواجہ سعد رفیق ،خواجہ آصف،شاہد خاقان عباسی، دانیال عزیز، احمد سعید کرمانی،کیپٹن صفدر،اسحاق ڈار، احسن اقبال، طلال چوہدری، مائزہ حمید، بئیرسٹر حسن رانجھا، طارق فضل چوہدری،پرویز رشید، رانا ثناءاللہ،نہال ہاشمی کو فریق بناتے ہوئے ان کی نااہلی کی استدعا کی گئی ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں