لاہور : پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریسکیو ایئر ایمبولینس سے مریض کی کامیاب منتقلی عمل میں لائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جان بچانے کا "گولڈن آور” شروع ہوگیا، جس کے تحت عام شہریوں کو بھی ایئر ایمبولینس کی سہولت ملنے لگی۔
میانوالی میں چھت سے گرنے والی خاتون کی ایئرایمبولینس کےذریعے بروقت راولپنڈی منتقلی کرکے جان بچائی گئی۔
چالیس سالہ حلیمہ بی بی چھت سے گرنے کے باعث تشویشناک حالت میں تھی، ڈی ایچ کیو اسپتال میانوالی کے سرجن نے انھیں فوری علاج کے لیے راولپنڈی منتقل کرنے کا کہا تھا۔
ترجمان ریسکیو کا کہنا تھا کہ میانوالی میں ائیرایمبولینس کی پہلی لینڈنگ ہوئی ، جس میں خاتون مریضہ کو ریسکیو کیا گیا، یہ ٹرائیل بیس آزمائشی سروس تھی، ایئر ایمبولینس کا باقاعدہ افتتاح جلد کیا جائے گا۔
مریض کے اہل خانہ نے مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں منتقلی میں سہولت فراہم کرنے پر "فرشتہ” قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ہدایت کے مطابق پنجاب کی عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کرلیا گیا ہے، میانوالی میں چھت سے گرنے والی خاتون کو راولپنڈی اسپتال پہنچایا گیا۔
انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیاری اور بروقت علاج ہر شہری کا حق ہے اور اسے یقینی بنایا جائے گا۔