لاہور : پنجاب کی جیلوں میں وی آئی پی کلاس ختم کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے، وزیر قانون جیلوں میں وی آئی پی کلاس ختم کرنے کے حوالے سے آئندہ ہفتے محکمہ داخلہ اور آئی جی جیل خانہ جات کے ساتھ مشاورت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے صوبے کی جیلوں میں وی آئی پی کلاس کی سہولت ختم کرنے پر سنجیدگی سے غور شروع کردیا ، وزیر قانون راجہ بشارت اس حوالے سے آئندہ ہفتے محکمہ داخلہ اور آئی جی جیل خانہ جات کے ساتھ مشاورت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے مخلتف تجاویز پیش کی جائیں گی ، پاکستان کی تاریخ میں جیل میں قید سیاسی رہنماؤں کو بی کلاس کی سہولت فراہم کی جاتی رہی ہے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی حکومت کی جانب سے جیل میں بی کلاس کی سہولت دی گئی ہے، بی کلاس کے قیدی کو بیرک میں ٹی وی، کرسی، میز، بستر اور اخبار سمیت جیل میں گھر کے کھانے کی سہولت میسر ہوتی ہے۔
جیل مینوئل کے مطابق قیدیوں کو ناشتے میں ایک پراٹھا اور چائے فراہم کی جاتی ہے۔ دوپہر اور رات کے کھانے میں چھ روز گوشت اور ایک دن سبزی کے ساتھ دو روٹیاں فراہم کی جاتی ہیں۔
خیال رہے نواز شریف کیلئے ان کے گھر سے کھانا منگوانے کی سہولت واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے آئندہ چند روز میں حکم نامہ جاری کردیا جائے گا۔