ممبئی: ساؤتھ انڈین فلم اسٹار الو ارجن اور نامور اداکارہ رشمیکا مندانا کی ’پشپا 2‘ نے محض پانچ دنوں کے اندر دنیا بھر میں 900 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق الو ارجن، رشمیکا مندانا اور ہدایتکار سوکمار نے معاوضے کے طور پر ایک بڑی رقم حاصل کی ہے جبکہ ’پشپا 2‘ کی کمائی میں مزید اضافے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق الو ارجن فلم کی کُل کمائی کی 40 فیصد رقم حاصل کریں گے جبکہ اس میں ابھی فلم سائن کرنے کا معاوضہ شامل نہیں ہے۔
ساؤتھ انڈین اسٹار نے نے منافع میں حصہ داری کے ریونیو ماڈل کا انتخاب کیا ہے جیسا کہ انہوں نے ’پشپا‘ کیلیے کیا تھا۔ بالی وڈ میں بہت سے اداکار منافع کی تقسیم کے اس نقطہ نظر کی پیروی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب، رشمیکا مندانا کو پشپا کیلیے تقریباً 3 کروڑ روپے معاوضہ ادا کیا گیا تھا تاہم سیکوئل کیلیے انہوں نے 8 کروڑ روپے کا بھاری معاوضہ حاصل کیا ہے۔ باکس آفس پر فلم کی غیر معمولی کارکردگی کے ساتھ توقع ہے کہ انہیں 11 سے 12 کروڑ روپے مزید ادا کیے جا سکتے ہیں۔
فلمسازوں کو پورے انڈیا میں رشمیکا مندانا کی مقبولیت کا علم ہے جس کی وجہ سے انہوں نے ازخود فیس میں اضافہ کیا۔
کمائی سے حاصل بقیہ رقم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر سوکمار کو ملے گی، دونوں پارٹیاں سیکوئل کی کمائی سے 30 فیصد منافع بانٹیں گی۔
بلاک بسٹر فلم کو 5 دسمبر 2024 کو بھارت سمیت دنیا بھر میں متعدد زبانوں کے ساتھ ریلیز کیا گیا ہے۔