ممبئی: ساؤتھ انڈین فلم اسٹار الو ارجن اور مقبول اداکارہ رشمیکا مندانا کی چھ روز قبل ریلیز ہونے والی فلم ’پشپا 2‘ نے 1 ہزار کروڑ بھارتی روپے کمانے کا سنگ میل عبور کر لیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق الو ارجن اور رشمیکا مندانا کی فلم کی ریلیز سے قبل ہی مداحوں میں جوش و خروش پایا گیا تھا اور توقع تھی کہ یہ ریکارڈ توڑ بزنس کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’پشپا 2‘ کیلیے الو ارجن اور رشمیکا مندانا نے کتنا معاوضہ لیا؟
’پشپا 2‘ کا انتہائی کم وقت میں کمائی کیلیے 1 ہزار کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرنا ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔ اس نے چھ دنوں میں اس سنگ میل کو حاصل کر کے انڈسٹری میں نیا معیار قائم کیا۔
یہاں کچھ ایسی بھارتی فلموں کا بھی ذکر کرتے ہیں جو ماضی میں 1 ہزار کروڑ روپے کمانے والی فلموں کے کلب میں شامل ہوئیں۔
دنگل
عامر خان اور نتیش تیواری کی اسپورٹس ڈرامہ فلم ’دنگل‘ 1000 کروڑ کے کلب میں شامل ہونے والی پہلی فلم تھی۔ اس کی دنیا بھر میں کمائی 2070.3 کروڑ روپے رہی۔
باہوبلی 2
ایس ایس راجامولی کی مہاکاوی ایکشن فلم ’باہوبلی 2‘ 2017 میں ریلیز ہوئی تھی اور یہ 1000 کروڑ کلب میں داخل ہونے والی دوسری بھارتی فلم تھی۔ سیکوئل نے عالمی سطح پر 1788.06 کروڑ روپے کمائے تھے۔
آر آر آر
ایس ایس راجامولی واحد ہدایت کار ہیں جن کی 1000 کروڑ کے کلب میں دو فلمیں ہیں۔ ان کی دوسری انٹری آسکر ایوارڈ یافتہ مہاکاوی ’آر آر آر‘ ہے۔ اس نے دنیا بھر میں 1,230 کروڑ روپے کمائے۔
کے جی ایف چیپٹر 2
پرشانت نیل کی فلم ’کے جی ایف چیپٹر 2‘ 2022 میں ریلیز ہوئی تھی جو 1000 کروڑ کلب میں داخلہ حاصل کرنے والی پہلی کنڑ فلم تھی۔ فلم نے عالمی سطح پر 1,215 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔
کالکی 2898ء
پربھاس اور دپیکا پڈوکون کی 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کالکی 2898ء‘ سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کے طور پر ابھری جس نے کل 1042.25 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔
جوان اور پٹھان
سال 2023 شاہ رخ خان کیلیے غیر معمولی ثابت ہوا جس میں ان کی دو بلاک بسٹر فلموں ’جوان‘ اور ’پٹھان‘ نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ دونوں فلموں نے 1000 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کیا۔
جوان نے عالمی سطح پر 1,160 کروڑ روپے کمائے جبکہ پٹھان نے 1,055 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔