تلنگانہ : فلمی طریقے سے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے بھاری مالیت کی چرس قبضے میں لے لی۔
بھارتی ریاست تلنگانہ میں مشہور بھارتی فلم ’پُشپا‘ کے مشہور سین کی طرح واٹر ٹینکر میں چھپائی گئی 290 کلو گرام چرس پکڑی گئی۔
ساؤتھ انڈین مووی ’پشپا‘ نے نہ صرف تیلگو ریاستوں میں زبردست کامیابی حاصل کی تھی بلکہ اس فلم میں صندل کی لکڑی کی اسمگلنگ کرنے والے مناظر نے فلمی شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا تھا۔
لیکن ساتھ ہی جرائم پیشہ عناصر کو اسمگلنگ کرنے کا ایک نیا طریقہ بھی سکھا دیا، جس پر عمل کرتے ہوئے صندل کی لکڑی کی جگہ ٹینکر میں چرس چھپا کر لے جائی جارہی تھی۔
فلم پشپا کی طرز پر پانی کے ٹینکر میں چرس اسمگل کرنے والے ملزمان کا منصوبہ اس وقت ٹھپ ہوگیا جب پولیس چیک پوسٹ سے گزرنے والی گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی تھی۔
اس دوران آندھرا پردیش سے ایک ٹینکر مشتبہ طور پر پہنچا جو مہاراشٹر کی جانب جارہا تھا، پولیس اہلکاروں کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات پر ڈرائیور اطمینان بخش جواب نہ دے سکا تو ٹینکر کا مکمل معائنہ کیا گیا۔
معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ ٹینکر کے درمیانی حصہ کے اندر خصوصی طور پر بنائے گئے خانوں میں چرس موجود تھی۔ پولیس کے مطابق مجموعی طور پر 290 کلو گرام چرس ضبط کی گئی ہے جس کی مالیت تقریباً 72.50 لاکھ روپے ہے۔ ڈرائیور بلویر سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔