دربند: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے عید الاضحیٰ کے موقع پر جمہوریہ داغستان کے شہر دربند میں جامع مسجد کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق روسی صدر پیوٹن نے بقر عید کے موقع پر داغستان کی ایک مسجد کا دورہ کیا ہے، انھوں نے کہا کہ قرآن مسلمانوں کے لیے مقدس ہے اور دوسروں کے لیے بھی مقدس ہونا چاہیے۔
انھوں نے روس کے جمہوریہ داغستان کے مسلمانوں سے ملاقات کی اور کہا کہ روس میں قرآن پاک کی بے حرمتی آئین اور قانون دونوں کے مطابق جرم ہے۔ روسی صدر کا کہنا تھا کہ قرآن کریم کے بے حرمتی کے جرم کے ارتکاب پر سزا بھی دی جاتی ہے۔
روسی صدر کو قرآن پاک تحفے میں دیا گیا، جس پر انھوں نے شکریہ اد اکیا۔ دربند میوزیم کے ڈائریکٹر ولی فتالئیف نے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے صدر پیوٹن کو جو قرآن تحفتاً دیا ہے، وہ مقدس مکہ کا ہے۔
واضح رہے کہ دربند کی جامع مسجد روس اور دنیا کی قدیم ترین مسجدوں میں سے ایک ہے، تحریری ذرائع کے مطابق عرب فوجی رہنما مسلمہ بن عبد الملک نے اس کی تعمیر 733-734 عیسوی میں شروع کی تھی، مسجد کے صحن میں تین صدیوں پرانے انجیر کے درخت کھڑے ہیں۔