اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

بھارت: ہرن کو سالم نگلنے کے بعد اژدہے کے ساتھ کیا ہوا؟

اشتہار

حیرت انگیز

اترپردیش: بھارتی ریاست اترپردیش میں 10 فٹ لمبے ایک پائتھن سانپ نے ہرن کو سالم نگل لیا، تاہم اسے برے انجام سے دوچار ہونا پڑا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یو پی میں دس فٹ لمبے پائتھن نے پورے ہرن کو نگل لیا، بعد ازاں مرے ہوئے ہرن کو اگلنے کے بعد وہ پراسرار طور پر دم توڑ گیا۔

گاؤں والوں نے گھسیٹ کر اژدہے کو علاقے سے 3 کلومیٹر دور گنگا کنارے چھوڑ دیا تھا، تاہم ہرن کی نعش اگلنے کے بعد اس کی موت ہو گئی۔

یہ واقعہ گزشتہ روز پیر کو اترپردیش کے امروہہ ضلع میں پیش آیا، ایک لڑکی نے مالی پورہ گاؤں کے قریب گنے کے کھیت میں پائتھن کو دیکھا، وہ گنے لینے آئی تھی جب بہت بڑے سانپ پر اس کی نظر پڑی۔

بعد ازاں لڑکی کے شور مچانے پر گاؤں والے دوڑتے ہوئے کھیت میں پہنچے، اور سب نے کھیت کو گھیرے میں لے لیا، انھوں نے دیکھا کہ پائتھن پھول کر کُپا ہو چکا تھا، وہ سمجھے کہ سانپ نے کسی بچے کو نگل لیا ہے۔

مقامی لوگوں نے مل کر سانپ کو گھسیٹ کر وہاں سے نکالا، اس دوران فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم بھی پولیس کے ہمراہ پہنچ گئی، ٹیم نے اژدہے کو گھسیٹ کر وہاں سے تین کلو میٹر دور گنگا کنارے چھوڑ دیا۔

پائتھن ہرن کو ہضم کرنے سے قاصر تھا، اس لیے گنگا کنارے اس نے مردہ ہرن کو اگل دیا، تاہم کچھ دیر بعد وہ بھی مر گیا۔ محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ وہ سانپ کے مرنے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جون میں ہریانہ کے یمنا نگر ضلع میں ایک جنگل کے قریب 15 فٹ لمبے پائتھن نے ایک مور کو نگل لیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں