لاہور: ق لیگ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہو گئی، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔
تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر قیصر بریار اور سینئر نائب صدر مسلم لیگ ق چوہدری سلیم بریار نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ کرونا وبا سے ملکی معیشت کا برا حال ہے، تاجر برادری اس مشکل وقت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انھوں نے تاجر برادری کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تاجر معیشت کو سنبھالنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
پرویز الہٰی نے حکومتی مدت سے متعلق پہلی بار دعویٰ ظاہر کر دیا
چوہدری پرویز الہٰی نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں ہزارہ برادری کے کان کنوں کی ہلاکت پر بھی افسوس کا اظہار کیا، دریں اثنا، انھوں نے پارٹی کے سینئر نائب صدر چودھری سلیم بریار کو سیالکوٹ میں تنظیم سازی کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں بھی سونپیں۔
ملاقات میں ق لیگی کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے لائحہ عمل بھی مرتب کیا گیا، پرویز الہٰی نے کہا کارکنوں کو بلدیاتی الیکشن کے لیے تیار کیا جائے۔