کراچی : سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ میں اب بھی جوان ہوں، کون کہتا ہے کہ ذمہ داری نہیں نبھا سکتا،آصف زرداری اب بھی مجھ پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ارباب چانڈیو کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اورسابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ وزارت اعلیٰ سے سبک دوشی کے بعد بھی پارٹی کے اندر بہت سرگرم نظر آتے ہیں، وہ ایک کتاب بھی لکھ رہے ہیں اور اپنی پارٹی میں مزید ذمہ داریاں نبھانے کے لیے بھی تیار ہیں۔
سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں اب بھی پارٹی کے کاموں میں مصروف ہوں، بہت سے آئیڈیاز ہیں جن پر کام ہو رہا ہے، ایک کتاب لکھ رہا ہوں جس میں اپنی سوانح عمری کے ساتھ شہید ذوالفقار علی بھٹو اورشہید بے نظیر بھٹوسے متعلق تاریخ جو ان کے ساتھ ہم نے وقت گزارا اس کا ذکر کروں گا،
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری بہت سمجھ دار اور سلجھے ہوئے سیاست دان ہیں سوانح عمری میںازیں آصف علی زرداری کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کروں گا۔
ایک سوال کے جواب میں قائم علی شاہ نے کہا کہ پارٹی کی طرف سے جو بھی ذمہ داری ملی اس کو احسن طریقے سے پورا کروں گا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے گزشتہ روز 16 اکتوبر کی ریلی کے استقبالیہ کیمپ کا افتتاح کیا تھا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے سانحہ کارساز کی یاد میں 16 اکتوبر کو ریلی نکالی جائے گی جس کے لیے کراچی میں استقبالیہ کیمپ لگائے جارہے ہیں۔
استقبالیہ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کی ریلی بلاول ہاؤس سے لیاری اور پھر شارع فیصل جائے گی۔
انہوں نے کارکنوں سے ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریلی صرف کراچی کے کارکنوں پر مشتمل ہوگی ، عوام کے حقوق اور ملکی استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔