گھوٹکی : وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ شینگ بند کی مرمت کا کام وفاق کی ذمہ داری ہے تاہم سندھ حکومت کی جانب سے اس کی مرمت کا کام کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وفاقی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’ سندھ حکومت وفاق کے کام کررہی ہے مگر اس کے بدلے پیسے نہیں بلکہ مٹھی بھر چنے تھما دئیے جاتے ہیں‘‘۔
اس موقع پر انہوں نے محکمہ موسمیات کی پیش گوئیوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’دنیا کے کسی ملک کا محکمہ موسمیات بارش کی پیش گوئی نہیں کرتا مگر ہمارے یہاں تیز بارشوں کی خبر سنادی جاتی ہے اور بارش بھی نہیں ہوتی‘‘۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے چھوٹے صوبوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے جو جمہوری رویہ نہیں ہے، حکومت چھوٹے صوبوں کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے اقدامات کرے اور اُن کے جائز مطالبات تسلیم کرے۔
اس دورے میں سائیں خوش گوار موڈ میں نظر آئے اور سندھی اجرک اور پی کیپ پہن کر وہاں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں اور افسران کے ساتھ تصاویر بنوانے میں مصروف رہے۔ قبل ازیں قائم علی شاہ نے شینگ بند پر جاری مرمتی کام کا جائزہ لیا اور افسران کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔