جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

اقتصادی کونسل کا اجلاس غیر آئینی تھا، قائم علی شاہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ آئینی طور پر اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا ہی نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے ویڈیو لنک کے ذریعے بجٹ اجلاس میں شرکت اور صرف سر ہلا کر اجلاس میں پیش ہونے والے بجٹ کو منظور کیا۔

قائم علی شاہ نے مزید کہا کہ میری نظر میں اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا ہی نہیں کیونکہ وفاقی وزراء ہماری بات سنے بغیر اجلاس ختم کر کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہوگئے تھے۔

قائم علی شاہ نے شکوہ کرتے ہوئے بتایا کہ جب وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف آف لائن ہوئے تو انہوں نے وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کو مخاطب کر کے کہا کہ ’’ مٹینگ شروع کریں اور کچھ ہماری بات بھی سُن لیں‘‘۔

جس کے جواب میں احسن اقبال نے وزیر اعلی سندھ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ ایک ڈیڑھ گھنٹہ انتظار کریں اسمبلی اجلاس کے بعد آپ سے ملاقات کریں گے‘‘۔ قائم علی شاہ نے دعویٰ کیا ہےکہ کافی دیر بعد جب اُن کے موبائل پر کال ملائی تو اُن کا نمبر بند تھا۔

اس موقع پر انہوں نے وفاقی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم سے وزیروں کی بے رخی کا شکوہ کیا مگر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، ان کے رویوں سے یہ لگتا ہے کہ ’’وفاق جمہوریت نہیں چاہتا‘‘۔

دوسری جانب وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں پورے ملک میں دو سو ایک ترقیاتی اسکیموں میں سے صرف 6 یا 7 منصوبے سندھ کو دئیے گئے ہیں۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں