لاہور : نیب نے مسلم لیگ ن کےسابق ایم پی اے قیصر امین بٹ کوگرفتار کر لیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سعدرفیق اور قیصرامین کی 15 سال سے پیرا گون میں شراکت ہے جبکہ اس سوسائٹی کی دیگر شخصیات پر بھی اربوں کمانے کا الزام ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سابق رکن صوبائی اسمبلی اور خواجہ سعد رفیق کے قریبی ساتھی قیصرامین بٹ کو نیب نے گرفتار کرلیا، نیب نے قیصر امین بٹ کو پیرا گون سوسائٹی کیس میں گرفتار کیا۔
نیب ذرائع کے مطابق نیب نے راوی روڈ پر انکی گرفتاری کے لیے چھاپہ بھی مارا تھا اور پیرا گون سوسائٹی کی تفتیش میں گرفتاری عمل میں لائی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور قیصرامین بٹ کی پچھلے پندرہ سال سے پیرا گون میں شراکت ہے ، پیرا گون سوسائٹی میں دیگر اہم شخصیات پر بھی اربوں روپے کمانے کا الزام ہے۔
یاد رہے نیب نے پیرا گون سٹی کے خلاف تحقیقات شروع کر رکھی ہیں، قصر امین بٹ کو 16 مارچ کو طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہ ہوئے تھے، قیصر امین بٹ پیرا گون سٹی میں پارٹنر تھے۔
اس سے قبل خواجہ سعد رفیق اور پیرا گون سٹی کے دوسرے افراد کو بھی تفتیش کے لیے طلب کیا جا چکا ہے جبکہ شہباز شریف پر بھی آشیانہ ہاؤسنگ میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں۔
پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی، مذکورہ اسکیم سے روابط کے الزام پرپی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں خواجہ سعد رفیق کو عہدے سے برطرف کرنے کیلئے قرار داد بھی جمع کرائی تھی۔
خیال رہے کہ 2012 میں میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز ہوا، منصوبے کے مطابق پانچ سال میں پچاس ہزار گھر تعمیر کئے جانے تھے لیکن دعوے حقیقت میں تبدیل نہ ہو سکے۔